انتیس مارچ کو چینی وزارت خارجہ کی معمول کی پریس کانفرنس میں ایک رپورٹر نےسوال کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے یوم پاکستان کی فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی صدر عارف علوی نے چین کو پاکستان کا سب سے قریبی اور دوست ملک قرار دیا۔ اس پر چین کی کیا رائے ہے؟
چاؤ لی جیان نے کہا کہ چین 82 ویں قومی دن پر پاکستان کو گرم جوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور چین کو یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام قومی تعمیر اور قومی بحالی کی راہ پر آگے بڑھتے رہیں گے۔ چین نے دیکھا ہے کہ صدر عارف علوی نے “یوم پاکستان” کی فوجی پریڈ کے موقع پر اپنی تقریر میں چین پاکستان تعلقات پر ایک مثبت تبصرہ کیا اور ان تعلقات کی بے حد تعریف کی۔ چین پاکستان کے ساتھ اپنی چاروں موسموں کی اسٹریٹجک شراکت داری کا احترام کرتا ہے ، اور دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مل کر نوول کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں وراثت میں ملی یہ روایتی دوستی مزید ترقی کرے گی اور نئے عہد میں ہم مشترکہ ترقی کے لئے مل جل کر کام جاری رکھیں گے۔
چاؤ لی جیان نے کہا کہ صدرعارف علوی نے بھی اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ترقی کے حصول پر توجہ دے گا ، بیرونی دنیا کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پرعمل پیرا ہوگا ، اور دنیا بالخصوص جنوبی ایشین رہنماؤں سے نفرت ، تعصب اور مذہبی انتہا پسندی کو ترک کرنے اور مشترکہ ترقی کی راہ پر گامزن رہنے پر زور دےگا۔پاکستان علاقائی امن و خوشحالی کا خواہاں ہے۔ترقی کا حصول خطے کے ممالک کی متفقہ آواز اور عام توقع ہے۔ چین پاکستان کی خوشگوار ہمسائگی پر مبنی سفارتی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے،اور افغانستان میں امن اور مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ۔چین پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ فعال باہمی رابطے کی حمایت کرتا ہے۔ علاقائی امن ، استحکام اورترقی میں مثبت توانائی لگانے کے لئےہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔