لاہور: وزیر اعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کو براڈ شیٹ سے کمیشن طلب کرنے کا الزام لگانے پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ان کے وکلا نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر پر لگائے گئے الزامات پر عظمیٰ بخاری معافی مانگیں بصورت دیگر وہ 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں، ہرجانے کی رقم کو پاکستان میں فلاحی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 13 جنوری کو نجی نیوز چینل کے پروگرام میں عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں جب براڈ شیٹ سے معاہدہ ہوا اس وقت شہزاد اکبر نیب کے پراسیکیوٹر تھے۔ شہزاد اکبر صاحب کی بریف کیس لینے اور دینے کی پرانی تاریخ ہے۔براڈ شیڈ کمپنی کے مالک موسوی نے کہا کہ شہزاد اکبر نے ان سے حصہ مانگا تھا۔