آٹھ دسمبر کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کے ہانگ کانگ قومی سکیورٹی قانون پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کے نائب صدور پر نام نہاد پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔امریکہ کا یہ عمل بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصول کی سنگین خلاف ورزی ہے،چین کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت اور چین امریکہ تعلقات کے لئے نہایت نقصان دہ ہے۔ چینی حکومت اور عوام امریکہ کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔چین نے امریکہ سے پرزور الفاظ میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اس غلط فیصلے کو واپس لے،چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو ترک کرے اور خطرناک اور غلط راہ سے واپس آئے۔امریکہ کی منفی سرگرمیوں کے جواب میں چین بھرپور اقدامات اختیار کرے گا ۔
اسی دن چین کی ریاستی کونسل کے ہانگ کانگ -مکاؤ امور کے دفتر نے بھی اپنے ایک بیان میں امریکہ کے عمل کی مذمت کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے اپنے ملک میں پارلیمانی ارکان کے حلف اور نا اہلی کے حوالے سے سخت قانونی ضوابط اپنا رکھے ہیں،جب کہ امریکہ چینی قانون ساز ادارے کے جائز اقدامات میں بے جا مداخلت کررہا ہے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔اس کا یہ عمل کھلے دوہرے معیار اور غاصبانہ سوچ کاعکاس ہے۔