یکم دسمبر کو اقوام متحدہ نے “فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یوم یکجہتی ” کی مناسبت سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے اجلاس کے نام ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔
صدر شی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین مشرق وسطی کا ایک بنیادی مسئلہ ہے جو علاقائی امن و استحکام ، بین الاقوامی عدل و انصاف اور انسانی ضمیر سے وابستہ ہے۔ فلسطین اور اسرائیل کی پر امن ہم سائیگی اور بقائے باہمی ، نہ صرف فلسطینی اور اسرائیلی عوام کا کئی نسلوں کا خواب ہے بلکہ خطے کے عوام اور عالمی برادری کی بھی پرجوش امید ہے۔ بین الاقوامی برادری کو “دو ریاستی حل” کی درست سمت پر قائم رہنا چاہئے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور “امن کے بدلے زمین” کے اصول پر مبنی مشرق وسطی کے امن عمل کو فروغ دینے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ہمیں کووڈ-۱۹کی وبا کے باعث فلسطین کو درپیش سخت چیلنجوں پر مزید توجہ دینی چاہئے اور فلسطینی عوام کو وبا سے لڑنے میں مدد فراہم کرنی چاہئے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہمیشہ مسئلہ فلسطین کو نمایاں اہمیت دیتا ہےاور بین الاقوامی انصاف اور اخلاقی اصولوں کی حمایت کرتا ہے، چین فلسطینی عوام کے اپنے قومی قانونی حقوق کی بحالی کے مقصد کی حمایت کرتا ہے ، اور ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کے لئے سازگار ہیں۔