بائیس نومبر کو چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے جی ٹوئنٹی سربراہان کی پندرہویں سربراہی کانفرنس کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی ۔
شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں پائیدار ترقی کو مرکزی نکتہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک جامع ، پائیدار اور لچکدار مستقبل کی تعمیر کے لیے ، عالمی غربت میں کمی کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینا ضروری ہے۔ کووڈ-۱۹ کی وبا کے اثرات کا سامنا کرتے ہوئے ، ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سلسلے میں پہلاقدم یہ ہے کہ ترقی کے تصور پر عمل کریں۔ دوسرا ، جامع اور متوازن پالیسی اقدامات اختیار کریں اور تیسرا یہ کہ ایک سازگار بین الاقوامی معاشی ماحول پیدا کریں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین شیڈول سے 10 سال قبل غربت کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے والا ہے۔ چین غربت سے پاک اور مشترکہ ترقی کی حامل ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔
اجلاس میں شریک سربراہان نے کہا کہ جی 20 کو ترقی پذیر ممالک کے لیے وبا پر قابو پانے ، معاشی بحالی اور ترقی کو فروغ دینے ، ڈیجیٹل تفریق کو کم کرنے ، غربت کے خاتمے ، خواتین اور نوجوانوں کو مزید بہتر تعلیم و روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مدد و تعاون میں اضافہ کرنا چاہیےاور پائیدار ترقی کے لیے۲۰۳۰ کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرنا چاہیے ۔ کاربن کے اخراج کو کم کیا جائے ، سر سبز اور کم کاربن پر مشتمل ترقی کو فروغ دیا جائے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کیا جائے۔
سربراہی اجلاس میں جی 20 سربراہان کی ریاض سمٹ کا اعلامیہ بھی منظور کیا گیا ۔