بیس نومبر کو چینی وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس میں ایک نامہ نگار نے سوال کیا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں پاکستان کے اندر دہشت گرد قوت کی حمایت کرنے اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے حوالے سے بھارت کی مذمت کی ہے۔ اس حوالے سے چین کا کیا رد عمل ہے؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا کہ چین کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ مختلف ممالک کو انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ طور پر کوشش کرنی چاہیے۔ چین نے دہشت گردی کی روک تھام کے بین الاقوامی مقصد کے حصول میں پاکستان کی بیش بہا خدمات کو ہمیشہ سراہا ہےاور چین خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھر پور حمایت کرتا رہے گا۔
چاو لی جیان نے اس بات پر نشاندہی کہ سی پیک منصوبہ ناصرف چین اور پاکستان کے لیے بے حد اہمیت کا حامل ہے، بلکہ یہ علاقائی خوشحالی کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ عالمی برادری کی حمایت سے سی پیک کی ترقی کو مزید فروغ دیا جائے گا اور ہمیں یہ بھی یقین ہے کہ سی پیک کی تعمیر کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔