آ ٹھ تاریخ کی شام اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا ۔عالمی تعاون کی مضبوطی اور مشترکہ مفادات کی ترقی پر عمل درآمد مذکورہ نمائش کا موضوع رہا جس میں اقوام متحدہ کے تین نائب سیکرٹری جنرلز سمیت دیگر اعلیٰ حکام ،اقوام متحدہ میں تعینات چالیس سے زائد ممالک کے مندوبین اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں سمیت تین سو سے زائد شخصیات نے شرکت کی ۔
اقوام متحدہ کی مستقل نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کی دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور اس حوالے سے بیجنگ میں منعقد ہونے والے عالمی تعاون فورم سے امیدیں وابستہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اقوام متحدہ کے دو ہزار تیس کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے سے مطابقت رکھتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے مختلف ممالک کے درمیان رابطہ سازی ومشترکہ خوشحالی،جنوب جنوب تعاون اور جنوب شمال تعاون کے لئے حقیقی خدمات سرانجام دی جا سکیں گی۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب لیو جیے ای نے اس موقع پر کہا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو صرف چین کے لیے نہیں ہے بلکہ مختلف ممالک کی شراکت اور شمولیت پر مبنی ہے جس سے تمام فریقین مستفید ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق بیجنگ میں منقعد ہونے والے دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم کے دوران چین کے تقریباً بیس ممالک اور بیس سے زائد عالمی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔