شین جن خصوصی اقتصادی زون کے قیام کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک یادگاری تقریب چودہ تاریخ کو شین جین میں منعقد ہوئی۔ چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے اس تقریب میں شرکت کی اور ایک اہم خطاب کیا۔
دسمبر انیس سو اٹھہتر میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی گیارہویں مرکزی کمیٹی کے تیسرے کل رکنی اجلاس میں اصلاحات و کھلے پن کا تاریخی فیصلہ کیا گیا۔اگست انیس سو اسی میں شین جن ،چو ہائی ،شان ٹھو اور شیا مین کو خصوصی اقتصادی زونز قرار دیا گیا ۔اپریل انیس سو اٹھاسی میں ہائی نان خصوصی اقتصادی زون کا قیام عمل میں آیا۔خصوصی اقتصادی زونز چین میں اصلاحات و کھلے پن کے نفاذ اور سوشلسٹ جدت کاری کے حصول کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔
گزشتہ چالیس سالوں میں ، خصوصی اقتصادی زونز نے ملک کے اصلاحات و کھلے پن کے عمل میں مثالی رہنما کردار ادا کیا ہے ، جس کی ترقی عالمی ترقی کی تاریخ میں ایک معجزہ ہے۔ شین جن کا جی ڈی پی انیس سو اسی کے ستائس کروڑ یوآن سے بڑھ کر دو ہزار انیس میں ستائس کھرب یوآن تک جا پہنچا ، اور اس کا معاشی حجم ایشیائی شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے ۔ دو ہزار انیس میں ،شین جن کے باشندوں کی فی کس سالانہ ڈسپوز ایبل آمدنی ساٹھ ہزار یوآن سے تجاوز کر گئی ۔شین جن ایک پسماندہ سرحدی قصبے سے عالمی اثر و رسوخ رکھنے والا ایک بین الاقوامی مرکز بن گیا ہے۔
صدر شی جن پھنگ نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد اقتصادی زونز کی تعمیر میں حاصل شدہ تجربات کا خلاصہ بیان کرنا ہے۔ یہ موقع اصلاحات و کھلے پن کو مزید فروغ دینے کے چینی عزم کا نقطہ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شین جن کی خوشحالی نے پوری دنیا کو چین میں اصلاحات و کھلے پن کی عظیم قوت سے متعارف کروایا ہے اور دنیا کوچینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کا روشن مستقبل دکھا یا ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ شین جن میں ترقی کے نئے تصور پر عمل پیرا ہونا چاہیئے اور مزید منصفانہ اور پائیدار ترقی کے حصول کےلیے کوشش کی جانی چاہیئے۔انہوں نے زور دیا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں معیشت،معاشرت اور حیاتیاتی ماحول کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے،ایک ملک دو نظام کی بنیادی پالیسی پر ثابت قدمی سے قائم رہا جائے،چائنیز مین لینڈ ،ہانگ کانگ اور مکاؤ کے ترقیاتی انضمام کو فروغ دیا جائے اور ملکی ترقی کے لیے اہم خدمات سرانجام دی جائیں۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں میں چین کے خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر میں مختلف ممالک نے شرکت کی ہے، چین نے ملک میں موجود ترقیاتی مواقع اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا ہے۔چین مختلف ممالک کا خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں حصہ لینے کا خیرمقدم کرتا ہے تاکہ جامع مشاورت،تعمیری شراکت،مشترکہ مفادات کے نئے ڈھانچے کی تشکیل کی جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ شین جن چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ پائلٹ اقتصادی زونز کی تعمیر کو فروغ دے گا ،گوانگ دونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ گریٹر بے ایریا کی تعمیر کو آگے بڑھائے گا اور ایک ملک دو نظام کی ترقی کے لیے نئے تجربات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں عوام کو اولین اہمیت دی جائے گی۔