لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ایشین بریڈمین ظہیر عباس کے رنز بھارتی ٹیم کے مفاد کے خلاف ہوتے لیکن دلکش بیٹنگ سے ہم بھی لطف اندوز ہوتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان بھارتی ٹیم سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ حریف ٹیمیں بھی ظہیر عباس کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہوتیں تھیں، ایشین بریڈمین کے رنز بھارتی ٹیم کے مفاد کے خلاف ہوتے لیکن دلکش بیٹنگ سے ہم بھی لطف اندوز ہوتے تھے، حریف ٹیموں سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ظہیر عباس کی رنز کیلئے بھوک ہمارے لئے ایک مثال تھی۔
سنیل گواسکر نے کہا کہ وہ کبھی 50 یا 100 رنز سے خوش نہیں ہوتے بلکہ ڈبل سنچری اور اس سے بھی زیادہ کا سوچتے تھے، 1971ءمیں اوول ٹیسٹ کے دوران بھارتی ٹیم ہدف کا تعاقب کررہی تھی اور وہ حوصلہ افزائی کیلئے ڈریسنگ روم میں آگئے، کھلاڑیوں کیلئے بڑے یادگار لمحات تھے، ظہیر عباس کو بھارتی ٹیم بھی بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتی تھی، میرے ساتھ دوستی ہوئی جو ورلڈ الیون کے دورہ آسٹریلیا میں زیادہ پروان چڑھی اور اب تک قائم ہے۔