چین اور کویت کا تمام شعبہ جات میں گہرے باہمی تعاون کا عزم

0

چین کے صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے یانگ جے چھی نے اتوار کے روز کویت کے امیر شیخ صباح ال احمد ال جابر الصباح سے کویت سٹی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے تمام شعبہ جات میں گہرے باہمی تعاون کا عزم ظاہر کیا گیا۔یانگ جو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور کمیٹی کے امور خارجہ کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر بھی ہیں ، انہوں نے چینی صدر کی جانب سے کویتی امیر کے لیے نیک اور مخلصانہ تمناوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر جناب یانگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ سینتالیس برسوں کے دوران ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے اور فریقین ایک دوسرے کے بہترین دوست اور شراکت دار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین فریقین کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد سازی کو مستحکم کرنے ،اعلیٰ سطح کے روابط کو مضبوط بنانے ، عملی تعاون کے فروغ اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے کویت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تا کہ دو طرفہ تعلقات کو بلندی کی جانب لے جایا جا سکے۔جناب یانگ نے مزید کہا کہ کویت اُن اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت چین کے ساتھ تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے اور چین خلیجی خطے میں مذکورہ انیشیٹو کی مشترکہ تعمیر میں کویت کو ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور” کویت وژن 2035″ آپس میں مطابقت رکھتے ہیں اور چین “سلک سٹی اینڈ فائیو آئی لینڈز “منصوبے کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے میں کویت کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔

کویتی امیر نےچینی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت چین کو اپنا قابل اعتماد تزویراتی شراکت دار تصور کرتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین کے ساتھ طویل المیعاد اور مستحکم شراکت داری کا قیام عمل میں لایا جا سکے گا۔ 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here