بدھ کے روز ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ۔چین محصولاتی کشمکش عالمی سطح پر شعبہ ہوا بازی کو متاثر کرے گی۔بوئنگ نے مزید کہا کہ ادارے کی جانب سے دونوں حکومتوں کے درمیان مذاکرات سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ امریکی اقدام کے ردعمل میں چین کی جانب سے امریکی مصنوعات پر محصولات عائد کرنے کے فیصلے سے جو امریکی صنعتیں بڑے پیمانے پر متاثر ہوں گی اُن میں سویا بین ، کیمیکلز اور جہاز سازی شامل ہیں۔ اُدھرامریکہ کی سویا بین ایسوسی ایشن نے بدھ کے روز صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ ملک میں سویا بین کاشت کاروں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے بجاے امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی تنازعات کو تعمیری انداز سے حل کیا جائے۔ امریکی اقدام کے ردعمل میں چین کے جوابی اقدامات کے تناظر میں ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ نقصان سے ابھی بھی بچا جا سکتا ہے کیونکہ چین نے کہا ہے کہ بھاری محصولات اُسی وقت سے نافذالعمل تصور ہوں گے جب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے با ضابطہ محصولات عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ چین کے ساتھ اس تعمیری انداز سے بات چیت کی جائے جس سے سویا بین کاشتکاروں کے لیے ایک مثبت نتیجہ سامنے آ سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کی جانب سے امریکی سو یا بین پر پچیس فیصد محصولات عائد کرنے سے امریکہ میں سویا بین کاشتکار بری طرح متاثر ہوں گے۔