پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی جانب سے بدھ کے روز پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں تعینات پاکستانی فوج کے اہلکاروں کے لیے عام استعمال کی اشیاء فراہم کی گئی ہیں تا کہ فوجی اہلکاروں کے معمولات زندگی اور پیشہ ورانہ امور میں آسانی پیدا کی جا سکے ۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر یاو جنگ نے پاکستان میں سلامتی کی بہتر صورتحال کو برقرار رکھنے، چین ۔پاک دوستی کی ترقی اور چین۔پاک اقتصادی راہداری کے تحفظ میں پاکستانی فوج کے کردار کو بھرپور سراہا ۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ دو طرفہ عسکری تعلقات فریقین کے درمیان چاروں موسموں کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اہم جزو ہے ۔ چین پاکستانی حکومت اور فوج کے ساتھ دوستانہ تعاون کو مزید فروغ دے گا اور پاکستان کی جانب سے سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں چین کی جانب سے ضروری حمایت جاری رکھے جائے گی۔چینی سفارتخانے کی جانب سے فراہم کیے جانے والی اشیاء میں جینریٹرز ، برقی پنکھے اور خیمے شامل ہیں۔ پاکستان فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز میں انجینئرنگ کے ڈائریکٹر جنرل محمد اجمل اقبال چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔چین تعلقات وقت کے ساتھ مزید فروغ پائیں گے۔