بیلاروس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر میخائل مائیز نیکا وچ نے سنہوا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹر ویو میں کہا کہ چین اور بیلاروس کے درمیان عملی اور نتیجہ خیز پارلیمانی تبادلو ں نے فریقین کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کی بنیاد رکھی ہے۔ اسپیکر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے ساتھ ہی فعال پارلیمانی تبادلوں کا آ غاز ہو گیا تھا۔انہوں نے چین اور بیلاروس کے پارلیمانی رہنماوں کے درمیان تعمیری روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں معاشی شعبے میں عملی تعاون کا پہلو بھی شامل ہے۔اسپیکر نے دونوں ملکوں کے قانون سازوں کے درمیان تبادلوں کو دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ مائیز نیکا وچ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ پچیس برسوں میں فریقین کے درمیان اعلیٰ معیار کی مضبوط شراکت داری کا قیام سیاسی امور اور دو طرفہ تعلقات کی ترقی کا اہم حاصل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ سے بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل پر مبنی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے ، یہ وہ نظریہ ہے جو چین کے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کیا گیا ہے اور لوگوں کی نظر میں اسے انسانی ترقی کے حتمی مقصد سے تعبیر کیا جاتا ہے۔