چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں امریکہ پر زور دیا ہے کہ چینی اداروں اور شہریوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی غلط روش فوری ترک کی جائے۔ اس سے قبل امریکہ کی جانب سے جمعے کے روز شمالی کوریا پر سخت ترین پابندیاں عائد کی گئی تھیں جس میں چھپن اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں جبکہ اس میں چینی ادارے اور شہری بھی شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے اپنے ملکی قوانین کی بنیاد پر چینی اداروں اور شہریوں پر یکطرفہ پابندیوں کی شدید مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ چین شمالی کوریا کے حوالے سے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا رہا ہے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں ۔ چین نے کبھی بھی اپنے شہریوں یا کمپنیوں کو یہ اجازت نہیں دی کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں شامل ہوں جس سے عالمی ادارے کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو جبکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے امریکہ سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسی غلط روش کو ترک کیا جائے جس سے فریقین کے درمیان متعلقہ تعاون کمزور پڑے۔