روس کے صدر ولادیمیر پیوتن نے جمعرات کو کہا کہ انہیں آ ئندہ ماہ چودہ سے پندرہ مئی تک بیجنگ میں منعقد ہونے والے دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں شرکت کر کے خوشی ہو گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے نائب وزیر اعظم چانگ گاولی سے ماسکو میں ملاقات کے دوران کیا۔جناب چانگ نے روس کے صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین دی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تناظر میں روس کو اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور چینی حکومت روسی صدر کے دورے کے لیے بہترین تیاریاں کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ اور روس کے صدر کے درمیان دی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور یوریشئن اکنامک یونین کی ہم آ ہنگ ترقی پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ اس موقع پر روس کے صدر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کو سراہا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے چین۔ روس تعاون میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔جناب پیوتن نے اس موقع پر فریقین پر زور دیا کہ جامع تزویراتی شراکت داری کی مزید مضبوطی کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں۔