چین کے ریاستی کونسلر یانگ جے چھی اور سعودی عرب کے دو وزراء کے درمیان بدھ کے روز بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ چینی ریاستی کونسلر سے ملاقات کرنے والے دو سعودی وزراء میں خالد ال فالح سعودی عرب میں توانائی، صنعت اور معدنی وسائل کے وزیر ہیں جبکہ محمد ال جادان مالیات کے امور دیکھتے ہیں۔اس موقع پر جناب یانگ نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری میں مضبوط ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں سفارتی ترجیحات کے لحاظ سے سعودی عرب کو ہمیشہ اہم تصور کرتا ہے اور چین۔سعودی عرب اعلیٰ سطح کی مشترکہ کمیٹی کے تحت طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل در آمد کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہے۔جناب یانگ نے دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سعودی ویژن 2030 کی ہم آہنگی پر زور دیا۔ سعودی وزراء نے کہا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ تعلقات کو نمایاں اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں چین کو ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔