چھٹا چین جنوبی ایشیا بین الاقوامی ثقافتی فورم پیر کے روز چین کے شہر چھنگ دو میں منعقد ہوا ۔ چھنگ دو میں پاکستانی قونصلر جنرل نوید بخاری نے مذکورہ فورم سے خطاب کرتے ہوئَے کہا کہ چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان ثقافتی تبادلے کے موضوع پر تبادلہ خیال کرنا اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں سے دیگرشعبہ جات میں تبادلوں اور تعاون کے فروغ میں مدد ملے گی ۔
اس موقع پر چین میں نیپالی سفیر لیلا منی پادیال نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا ثقافتی فورم فریقین کے درمیان تبادلوں کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور تعلیمی شعبے میں تبادلے چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے مفید ثابت ہو رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ دو روزہ فورم میں چین ، پاکستان ، بھارت ، افغانستان اور نیپال سمیت دیگر ممالک کے ماہرین اور دانشور وں نے چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان افرادی اور ثقافتی تبادلوں ، تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون اور مذہبی تبادلوں سمیت دیگر مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ۔