چین اور برطانیہ کے درمیان افرادی تبادلوں کے حوالے سے پانچویں سالانہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات جمعرات کو لندن میں اختتام پزیر ہوئے جس میں فریقین کی جانب سے افرادی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ چین کی نائب وزیر اعظم لیویئن دونگ اور برطانیہ کے وزیر صحت جرمی ہنٹ نے مذاکرات کی مشترکہ صدارت کی۔محترمہ لیو اور جناب ہنٹ نے فریقین کے درمیان سالانہ مذاکرات کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے جبکہ دونوں رہنماوں نے چین اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کے دس معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ چینی نائب وزیر اعظم نے مذاکرات کے دوران کہا کہ پانچ برس قبل دونوں ملکوں کے درمیان افرادی تبادلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک لائحہ عمل ترتیب دینے کے بعد پائیدار نتائج حاصل ہوئے ہیں اور اس عرصے کے دوران فریقین کے درمیان تعلیم ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ثقافت، صحت، کھیل، امور نوجواناں ،سیاحت ، میڈیا اور علاقائی تعاون کے شعبہ جات میں باہمی تعاون کی پچاس دستاویزات اوربہتر منصوبے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ تبادلوں کے معیار میں بہتری لاتے ہوئے اس شعبے میں تعاون کو مزید بلند کیا جائے تا کہ نہ صرف چین۔برطانیہ تعلقات کی بہتری بلکہ چین۔یورپ اور عالمی امن و خوشحالی کے لیے کردار ادا کیا جا سکے۔برطانوی وزیر صحت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فریقین کے درمیان افرادی تبادلوں کے شعبے میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو بھر پور سراہا اور چین کے ساتھ مل کر افرادی و ثقافتی تبادلوں کو مزید ترقی دینے کا عزم ظاہر کیا۔