گزشتہ دو برسوں میں چین نے دیہی علاقوں میں نئے دور کے بجلی کے نیٹ ورک کی بہتری کے منصوبہ جات کی رفتار کو تیز کیا ہے ۔ ان اقدامات سے نہ صرف دیہات میں بجلی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دیہات میں اقتصادی و سماجی ترقی کے لئے نئی قوت حاصل ہوئی ہے اور موثر سرمایہ کاری میں اضافے اور قومی معیشت میں ترقی کے فروغ کے لئے نیا انجن میسر آیا ہے۔
اس عرصے کے دوران دیہات میں نئے دور کے بجلی کے نیٹ ورک کی بہتری کے منصوبہ جات میں دیہات میں تمام الیکٹرک کنووں
کو بجلی کی فراہمی ،چھوٹے قصبوں میں بجلی کے نیٹ ورک کی بہتری اور ہر گاوں تک بجلی کی فراہمی شامل ہیں ۔ چین میں بجلی کی فراہمی کے اداروں میں سے ایک ادارے سٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا نے اس وقت تک اپنے زیر انتظام میدانی علاقے میں پندرہ لاکھ پینتیس ہزار کنووں کو بجلی فراہم کرتے ہوئے ہر کنویں تک بجلی کی فراہمی کاہدف پورا کیا ہے اور چھیاسٹھ ہزار قصبوں میں بجلی کے نیٹ ورک کی بہتری کے منصوبہ جات کو مکمل کیا ہے، اٹھتر ہزارگاوں تک بجلی کی فراہمی یا بہتری کا کام مکمل کیا گیا ہے جس سے ہر گاوں تک بجلی کی فراہمی کا ہدف پورا ہو گیا ہے اور پندرہ کروڑ ساٹھ لاکھ آبادی کو فائدہ حاصل ہوا ہے ۔ سٹیٹ گرڈ کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق دیہات میں نئے دور کے بجلی کے نیٹ ورک کے منصوبہ جات پر عمل در آمد کے دوران گزشتہ دو برسوں میں ایک کھرب بیالیس ارب چھتیس کروڑ یوان کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اس سے متعلقہ سرمایہ کاری اور پیداوار کی مجموعی مالیت دس کھرب یوان سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔