چین کے نائب وزیر خارجہ چنگ زو گوانگ نے جمعہ کے روز ایک میڈیا بریفنگ کے دوران اس توقع کا اظہار کیا کہ چینی اور امریکی صدور کے درمیان آئندہ ہفتے بیجنگ میں ہونے والی ملاقات نئے عہد میں دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرئے گی ۔ نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور امریکہ صدر ٹرمپ کے دورہ چین کی یقینی کامیابی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے انعقاد کے بعد صدر ٹرمپ وہ پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جو رواں ماہ آٹھ سے دس تاریخ تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔چینی نائب وزیر خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ امریکی صدر کے دورہ چین کے دوران رسمی تقریبات کے علاوہ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں صدور مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر تزویراتی تبادلہ خیال کریں گے تا کہ نئے اتفاق رائے کا قیام عمل میں لایا جا سکے ، باہمی ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دیا جا سکے اور تمام شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔جناب چنگ نے کہا کہ چین۔امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات فریقین کے مفاد میں ہیں اور دونوں ممالک کے پاس معاشی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ دونوں کے کندھوں پر دنیا میں امن و استحکام ، عالمگیر ترقی اور خوشحالی کی اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور چین باہمی احترام کے تحت امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہے۔