پاکستان کے دوسرے شہر لاہور سے سی آر آئی کے ایف ایم نائٹی ایٹ دوستی چینل کی نشریات کی افتتاحی تقریب چودہ تاریخ کو لاہور میں منعقد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق سی آر آئی کے دوستی چینل کی نشریات کا دورانیہ روزانہ اٹھارہ گھنٹے ہے ۔ چین پاک دوستی کے ایک علمبردار کی حیثیت سے سی آر آئی کا دوستی چینل چین پاک تعلقات بالخصوص چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کے حوالے سے معلومات اور خبروں کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بنے گا۔
یاد رہے کہ بیس اپریل دو ہزار پندرہ کو چین کے صدر شی جن پھنگ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران دوستی چینل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔دوستی چینل کے سربراہ چھن شان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں اسلام آباد اسٹوڈیوز کے تیارہ کردہ پروگراموں کو بے حد پسند کیا گیا ہے اور سامعین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں نشریات کے علاوہ پاکستانی سامعین انٹرنیٹ کے ذریعے بھی ایف ایم نائٹی ایٹ کے پروگرام سنتے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ مشرق وسطی میں بھی ایف ایم نائٹی ایٹ کے سامعین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے