میکسیکو کے صدر انریک پینا نیٹو نے حال ہی میں شہنوا نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ برکس ممالک کے اثرات دن بدن بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور دنیا کے انتظام و انصرام میں زیادہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ میکسیکو برکس ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھے گا۔باہمی تعاون کو فروغ دے گا تاکہ عالمی نظام میں موجود چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
برکس ممالک کی نویں سربراہی کانفرنس تین سے پانچ ستمبر تک چین کے ساحلی شہر شیامن میں منعقد ہو رہی ہے۔سمٹ کے دوران نئے ابھرتے ہوئے ملکوں اور ترقی پزیر ملکوں کی بات چیت کانفرنس منعقد کی جائیگی۔ برکس ممالک کے علاوہ مصر ، گینی، میکسیکو ، تاجکستان اور تھائی لینڈ کے رہنما اجلاس میں شریک ہونگے اور متعلقہ موضوعات پر تبادلہ خیال کریںگے۔
صدر انریک پینا نیٹو نے انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ برسوں میں برکس ممالک نے اپنے طے شدہ اہداف کی تکمیل میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔خاص طور پر عالمی اقتصادی و سیاسی انتظام و انصرام کے شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کیا ہے۔انہوں نے موجودہ اجلاس میں شرکت کی دعوت پر میزبان ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میکسیکو اس موقع کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ میکسیکو موجودہ اجلاس میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ ترقی کے فروغ، جنوب جنوب تعاون، باہمی رابطے ، اقتصادی و تجارتی تعاون اور غربت کے خاتمے سمیت موضوعات پر گفتگوکرے گا