چین کا قومی انسانی حقوق کا عملی منصوبہ (2021 تا—2025)حال ہی میں جاری کیا گیا ہے ۔ چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس نے چودہ تاریخ کو ایک نیوز بریفنگ میں اس منصوبے کے اہم مواد کی تفصیلی وضاحت کی ۔
بتایا گیا ہے کہ عملی منصوبہ دیباچہ ، معاشی ، سماجی اور ثقافتی حقوق ، شہری اور سیاسی حقوق ، ماحولیاتی حقوق اور خصوصی طبقات کے حقوق سمیت آٹھ حصوں پر مشتمل ہے جس میں تقریباً دو سو مخصوص مقاصد اور اہداف شامل ہیں ۔
عملی منصوبے میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار اکیس تا پچیس چین میں جامع سوشلسٹ جدید ملک کی تعمیر کا پہلا پنج سالہ عرصہ ہے ۔ عوام کی آزادانہ اور مشترکہ ترقی کو آگے بڑھانا چین کے انسانی حقوق کی ترقی کا اہم ترین ہدف ہے ۔ اس ہدف کی تکمیل کے لیے عوام کے معاشی و سماجی اور ثقافتی حقوق کا پورا تحفظ کیا جائے گا ۔ عوام کے شہری اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے سماج میں عوام کی موئژ شرکت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کی جامع ترقی کے لیے ٹھوس جمہوری اور قانونی بنیاد رکھی جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ فطرت اور ماحول کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی سے ایک خوبصورت چین کی تعمیر کی جائے گی ۔ خصوصی طبقات کی امداد پر زور دیا جائے گا تاکہ تمام لوگ ترقی کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کاماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ تحفظ انسانی حقوق کے میدان میں ایک مزید منصفانہ ، معقول اور اشتراکی نظام قائم کیا جائے ۔