سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ، مرکزی کمیٹی کے دفتر برائے امور خارجہ کے سربراہ یانگ جے چھی نے دو تاریخ کو امریکی صدر کے ایلچی برائے موسمیاتی امور جان کیری کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی ۔
یانگ جے چھی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے امریکہ نے چین کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی کئی سنگین غلطیاں کی ہیں ، اسی باعث چین۔ امریکہ تعلقات شدید مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔امید ہے کہ چین۔ امریکہ مشترکہ مفادات اور طویل المدتی امریکی مفادات کے تناظر میں امریکہ اپنی غلطیوں کی تصحیح کرے گا ، چین اور چین۔ امریکہ تعلقات کو معروضی اور معقول انداز میں دیکھے گا، چین کے سیاسی نظام اور ترقی کے راستے کا احترام کرے گا ، چین کے ساتھ ایک دانشمندانہ اور عملی پالیسی اپنائے گا اور چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے تعلقات کو معمول پر واپس لانے کے لئے مشترکہ کوشش کرے گا ۔
یانگ جے چھی نے کہا کہ دونوں فریق موسمیاتی تبدیلی ، وبا کی روک تھام اور کنٹرول اور معاشی بحالی جیسے دو طرفہ شعبوں اور اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر مشاورت ، ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔لیکن یہ تعاون دو طرفہ اور باہمی سود مند ہونا چاہیے۔چین تمام ممالک کی ترقی اور انتخاب کے حق کا احترام کرتا ہے لہذا چین کی ترقی اور انتخاب کے حق کا بھی احترام کیا جانا چاہیے ۔
اس موقع پر کیری نے کہا کہ امریکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور دوطرفہ تعلقات کی بہتری اور ترقی میں تیزی لانے کے لیے باہمی احترام کی بنیاد پر چین کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے پر آمادہ ہے۔