چوبیس تاریخ کو امریکی اسپیس فاؤنڈیشن کے 36 ویں آؤٹر اسپیس سمپوزیم میں امریکی آؤٹر اسپیس کمانڈ کے کمانڈر ڈکنسن نے کہا کہ آئندہ چند سالوں میں آؤٹر اسپیس کمانڈ جامع جنگی صلاحیت کی حامل ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آؤٹر اسپیس کمانڈ جلد ہی آؤٹر اسپیس وار فئیر سے متعلق فوجی مشقوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اس حوالے سےچینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ اس وقت بیرونی خلا میں سکیورٹی صورتحال تیزی سے پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے اور امریکہ بیرونی خلا کی سلامتی کو متاثر کرنے والا سب سے بڑا عنصر بن چکا ہے۔ امریکہ بیرونی خلا میں فوجی صلاحیت کو فروغ دے رہا ہے۔جس سےبیرونی خلا کے امن اور سکون کو شدید خطرہ لاحق ہوا ہے۔ چین کو اس حوالے سے شدید تشویش ہے۔ چین کا موقف ہے کہ بیرونی خلا کا پرامن استعمال ہونا چاہئیے۔ چین بیرونی خلا میں اسلحہ سازی اور ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کا فعال حامی ہے۔ چین امید کرتا ہے کہ امریکہ ایک بڑی طاقت کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھائے گا اور بیرونی خلا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے مزید اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بیرونی خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خطرے پر توجہ دے اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے لیے قانونی مذاکرات میں شامل ہو۔