اکیس تاریخ کو چین کا ایک بحری بیڑا روس کے ساتھ بحیرہ بالٹک میں مشترکہ فوجی مشقوں کے لیے روس کے ساحلی شہر کالین انگراد پہنچ گیا۔ چین کے بحری بیڑے میں ایک بڑا تباہ کن جہاز، ایک باد بانی جنگی جہاز ، ایک سپلائی جہاز، بحری ہیلی کاپٹرز اور دیگر بحری جہاز شامل ہیں۔فریقین مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران فضائی دفاع، سمندری تلاش اور بچاو ، پانی میں ایندھن کی دوبارہ فراہمی اور دوسری مشقوں کا عملی مظاہرہ کریں گے۔
چینی نیوی کے نائب کمانڈر اور مشترکہ مشقوں کے ڈائریکٹر تیان چونگ نے کہا کہ چین اور روس کی بحری افواج مختلف نوعیت کی فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی ، ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دوستانہ اور عملی تعاون کے فروغ اور چین۔روس جامع تزویراتی شراکت داری کی مضبوطی کے لیے روس کے نیوی کے دن کے موقع پر سینٹ پیٹرز برگ میں ایک پریڈ میں بھی شامل ہوں گی ۔
مذکورہ فوجی مشقوں کو “جوائنٹ سی 2017 “کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد سمندر میں معاشی سر گرمیوں کو تحفظ فراہم کرنا اور امدادی اہداف کو سرانجام دینا ہے۔