سولہ اگست کوچینی صدر شی جن پھنگ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کو تہنیتی پیغامات بھیجے۔
شی جن پھنگ نے پیغام میں کہا کہ نصف صدی قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور ایران کے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں اور روایتی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ 2016 میں دونوں ممالک کے مابین ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے بعد ، دونوں فریقوں کے درمیان باہمی اعتماد تیزی سے مستحکم ہو رہا ہے ، اور مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ کووڈ-۱۹کے پھیلنے کے بعد ، چین اور ایران نے مل کر کام کیا اور ایک دوسرے کی مدد کی۔ میں چین ایران تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہوں ، اور میں صدر رئیسی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو گہرا کرنے ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےکےلیے تیار ہوں۔
صدر رئیسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اور چین دونوں قدیم تہذیب کے مالک ملک ہیں ۔ ایران چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔ایران چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کی سطح کو بہتر بنانے ، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو بڑھانے ،باہمی رابطے کو مضبوط بنانے اور ایران چین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔