امریکہ میں کووڈ-19 کے یومیہ کیسز اپنی کم ترین سطح پر پہنچنے کے چند ہفتوں کے بعد ایک مرتبہ پھر بھڑنے لگے ہیں۔ ڈیلٹا متغیر وائرس ان کیسز میں ریکارڈ اضافے کی وجہ بن رہا ہے یوں امریکہ میں کووڈ-19 کے اوسط یومیہ کیسز ایک مرتبہ پھرایک لاکھ سے تجاوز کرنے لگے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کی روشنی میں رپورٹ کیا ہے کہ کیسز بڑھنے کی وجہ سے شرح اموات میں بھی تیز رفتار اضافہ ہوا ہے۔ جو گزشتہ دوہفتے کے یومیہ 270 سے بڑھ کر 500 یومیہ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ ملک کی 70 فیصد بالغ آبادی کووڈ-19 کی کم از کم ایک خوراک حاصل کرچکی ہے۔ امریکن سی ڈی سی نے خبردرار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد ویکسین کی رفتار نہ بڑھائی گئی تو ملک میں روزانہ کئی لاکھ کیسز کا اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈیلٹا متغیر وائرس کے پیش نظر امریکین سی ڈی سی نے ماسک گائیڈ لائنز کو دوبارہ نافذ کیا ہے لیکن ، امریکہ کے کچھ حصوں میں ، خاص طور پر جنوبی ریاستوں میں ویکسین اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔