بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ ریٹنگز نے گزشتہ روز ایشین انفراسٹراکچر انویسٹ منٹ بینک یعنی اے آئی آئی بی کی ریٹنگ کو اے تھری قرار دیا ۔ یہ فِچ ریٹنگز کی جانب سے بلند ترین ریٹنگ ہے۔جب کہ مستقبل میں بھی ریٹنگ مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے اے آئی آئی بی کو بلند ترین ریٹنگ حاصل ہوئی تھی۔
فِچ ریٹنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ اے آئی آئی بی کے پاس کافی مالیاتی بنیاد ہے جس سے قرضوں سے متعلق سرگرمیاں توقعات کے مطابق تیزی سے بڑھیں گی اور پالیسی اوراعلیٰ معیار کے انتظام سے بھی خطرات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
ایشین انفراسٹراکچر انویسٹ منٹ بینک کل ایک کھرب امریکی ڈالرز کی مالیت رکھتا ہے۔جنوری دو ہزار سولہ کے بعد بینک کے اراکین کی تعداد بڑھتی جار ہی ہے۔اس وقت بنیادی تنصیبات کے لیے سرمایہ کاری کے کل سولہ منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ جن کی کل مالیت تقریباً دو ارب پچاس کروڑ امریکی ڈالرز بنی۔