رواں سال نو جولائی کو سابق امریکی وزیر خارجہ ڈاکٹر ہنری کسنجر کے خفیہ دورہ چین کو پچاس برس مکمل ہو چکے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے اسی روز پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت واضح کرتی ہے کہ اگر دونوں فریق چین۔ امریکہ تعلقات کی صحیح سمت پر عمل پیرا رہتے ہیں تو پرامن بقائے باہمی اور باہمی سود مند تعاون کاحصول ممکن ہے ۔امید ہے کہ امریکہ درست انتخاب سے چین کے ساتھ آگے بڑھے گا ۔ وانگ وین بین نے کہا کہ پچاس برس قبل ڈاکٹر کسنجر کے دورے سے دونوں ممالک کے رہنماوں نے عوام کے مشترکہ مفادات کے تناظر میں چین۔ امریکہ تبادلوں کا دروازہ کھولا ۔ اس کے نتیجے میں چین۔ امریکہ تعلقات کی بہتری اور ترقی کا نیا باب شروع ہوا جس سے دونوں ممالک اور پوری دنیا پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ ترجمان نے زور دیا کہ اس وقت چین۔ امریکہ تعلقات ایک نئے تاریخی موڑ پر ہیں جہاں نئے فیصلے درپیش ہیں۔ ان تعلقات میں محاذ آرائی یا باہمی احترام ، ڈی کوپلنگ یا تعاون ، زیرو سم گیم یا مشترکہ مفاد جیسے عوامل اہم ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ۔ امید ہے کہ امریکہ دنیا کے عمومی رجحان کا ادراک کرے گا ، وقت کے تقاضوں پر عمل پیرا ہو گا، چین کے بارے میں اپنی تفہیم درست کرے گا ، اور صحیح انتخاب کرے گا۔