چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے بائیس تاریخ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ وائرس کا سراغ لگانے کے سلسلےمیں امریکہ کو چین پر دباؤ ڈالنے، دھمکیاں دینے اور مجبور کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور نہ ہی اسے عالمی برادری میں چین کو بدنام کرنے کا حق ہے۔اکیس تاریخ کو امریکی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کووڈ -۱۹ وائرس کے ماخذ کی تلاش کے دوران چین پر لازمی دباؤ ڈالنے کے لیے امریکہ اور اس کے اتحادی ” مشترکہ کوشش ” کریں گے ۔ چاؤ لی جیان نے اس موضوع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے چین کا موقف بہت واضح ہے ۔ چین امریکہ میں وبا کے ماخذ کا سراغ لگانے کے لیے امریکہ سے تین پہلوؤں سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے ۔ پہلا یہ کہ امریکہ میں وبا کے ماخذ کی پوری طرح تحقیقات کی جائیں ۔ دوسرا ، امریکہ میں انسداد وبا میں ناکامی کی وجوہات اور ان کے ذمہ داران کی پوری طرح سے تحقیقات کی جائیں اور تیسرا ،فورٹ ڈیٹرک اور دو سو سے زیادہ امریکی بیرون ملک حیاتیاتی تجرباتی مراکز میں موجود مسائل کی مکمل تحقیقات کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ امریکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کرتحقیقات میں تعاو ن اور شفاف اعداد و شمار اور چینلز کی فراہمی پر مل کر کام کرے ۔