چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ روس اور جرمنی کے سرکاری دورے اور جی ٹونٹی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تین تاریخ کو بیجنگ سے روانہ ہو ئے۔یہ رواں سال میں چوتھی مرتبہ ہے کہ صدر شی بیرون ممالک کا دورہ کر رہے ہیں ۔چین میں زیادہ ماہرین اور دانشوروں کا خیال ہے کہ یہ دورہ ،چین روس، اور چین جرمنی اور چین یورپ تعلقات کی مضبوطی،عالمی معیشت کے مشترکہ انتظام کے فروغ ،عالمی امن اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
روس کے دورے کے دوران چینی صدر شی اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان رسمی بات چیت ہو گی۔چین کے انٹرنیشنل سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے تحت یوریشین انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ چھن یو رونگ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی قریبی بات چیت چین اور روس کے تعلقات کی ترقی کے لئےاہمیت کی حامل ہے ۔موجودہ دور میں دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون اعلی سطح پر قائم ہے ۔
روس کے دورے کے بعد جناب شی جرمنی کا دورہ کریں گے۔ چینی صدر شی جن پھنگ کے اقتدار میں آنے کے بعد جرمنی کا یہ دوسری مرتبہ دورہ ہو گا۔چین کے انٹرنیشنل سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کےنائب ایگزیکٹو صدر روان زونگ زی نے کہا کہ یہ دورہ، چین جرمن اور چین یورپ تعلقات کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔
دورہِ جرمنی کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ،جرمن رہنماؤں سے بات چیت کے علاوہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ برلن زو میں پانڈہ ہال کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔
جرمنی کے سرکاری دورے کے بعد صدر شی کی رہنمائی میں چینی وفد ہیمبرگ میں منعقدہ جی ٹونٹی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شریک ہو گا۔