چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے تیس تاریخ کو کہا کہ چین امریکہ پر سخت زور دیتا ہے کہ وہ تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے کے منصوبے کو رد کرے،امریکہ تائیوان کے درمیان فوجی رابطوں کو بند کرے تاکہ چین امریکہ تعلقات اور اہم شعبوں میں فریقین کے تعاون کو مزید نقصان نہ پہنچے۔
لو کھانگ نے اسی دن ایک رسمی کانفرنس میں کہا کہ تیس جون کو امریکی حکومت نے تائیوان کو ایک ارب چالیس کروڑ امریکی ڈالرز کا اسلحہ فروخت کرنے کا اعلان کیا۔اسی دن چین نے امریکہ پر سخت اعتراض کا اظہار کیا۔
لو کھانگ نے کہا کہ تائیوان چین کی سرزمین کا ایک ناقابل تقسیم حصہ ہے۔امریکہ کی طرف سے تائیوان کو اسلحہ کی فروخت عالمی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصول کی سخت خلاف ورزی ہے ۔ یہ چین اور امریکہ کے درمیان طے شدہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس سے چین کے اقتدار اعلیٰ اور سلامتی کے مفادات کے لئیے سنگین نقصان پیدا ہواہے۔چین اس منصوبے کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی شخص چینی حکومت اور عوام کے اپنے اقتداراعلیٰ اور علاقائی سالمیت کی حفاظت ، غیرملکی مداخلت کی مخالفت کے عزم کو کبھی بھی نہیں بدل سکتا ۔