چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے صدور نے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے اپنی جانب سے اور چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت، عوام اور صدر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان چارموسموں کے اسٹرٹیجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور بنیادی مفادات سمیت اہم خدشات سے وابستہ معاملات میں ایک دوسرے کی ثابت قدمی سےحمایت کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین چٹان کی مانند مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی دوستی گزشتہ 70 برسوں کے دوران عالمی چیلنجز کی آزمائشوں پر پورا اتری ہے اور یہ دونوں ممالک کے عوام کا قیمتی ترین اسٹریٹجک اثاثہ بن چکی ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں نمایاں نتائج حاصل کئے گئے ہیں، جن کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کے لیے نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں اور علاقائی خوشحالی کیلئے ایک مضبوط قوت محرکہ ملی ہے۔ کووڈ 19 کی وبائی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے اور خلوص دل سے ایک دوسرے کی مدد کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے مابین “آہنی بھائی چارے” کو مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ میں چین پاکستان تعلقات کےفروغ کو نمایاں اہمیت دیتا ہوں اور آپ کے ساتھ ملکر دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک تبادلوں اور ٹھوس تعاون کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے چین پاک اقتصادی راہداری کی بہتر پیش رفت کو فروغ دینے کا خواہاں ہوں، تاکہ نئے عہد میں ایک قریبی چین پاکستان ہم نصب معاشرے کی تعمیرممکن ہو سکے اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کوفوائد مل سکیں۔
پاکستان کے صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ 70 سالوں سے، پاکستان اور چین ہمیشہ متحد رہے ہیں ۔ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں پاک چین تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ پاکستان انسداد وبا میں چین کی قیمتی حمایت پر انتہائی مشکور ہے، چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کی ترقی اور نئے عہد میں پاک چین ہم نصیب معاشرے کے قیام کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
اسی روز چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی ایک دوسرے کے نام تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔