آئی ایم ایف کے نائب مینیجنگ ڈائریکٹر چھانگ تاو نے اٹھارہ تاریخ کو بیجنگ میں چائنا ترقیاتی فورم 2017سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنی معاشی اصلاحات کی بدولت عالمی معاشی ترقی کا بدستورایک مضبوط انجن رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی پائیدار معاشی ترقی سے چین تو مستفید ہو گا ہی لیکن دیگر دنیا بھی اس سے فائدہ اٹھا سکے گی۔ چھانگ تاو کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران چین اور دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کا عالمی معاشی ترقی میں حصہ ستر فیصد سے زائد رہا ہے اور مزید یہ کردار جاری رہے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین میں سال 2016 کے دوران معاشی ترقی کی شرح 6.7 فیصد رہی جو کہ دنیا کی کئی دیگر معیشتوں سے بہت بہتر ہے اور عالمی معاشی ترقی میں چین کا حصہ تیس فیصد رہا ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ کے اندازوں کے مطابق رواں برس عالمی معاشی ترقی کی شرح 3.4 فیصد جبکہ آئندہ برس 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔چھانگ نے اشتراکی اور متوازن معاشی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال اور معاشی یکجہتی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔