چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے 10 تاریخ کو کہا کہ آسٹریلوی حکومت کے عہدہ داروں نے عوامی سطح پر ” چائنا تھریٹ تھیوری ” کی حمایت کی ہے اور بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے چین پر حملہ کیا ہے۔ اس اقدام سے ان کی سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصب پوری طرح بے نقاب ہوا ہے۔ یہ عمل آج کی دنیا میں امن ، ترقی اور تعاون کے رجحان کے خلاف ہے اور علاقائی امن و استحکام اور آسٹریلیا کے اپنے مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔ ایسا بیانیہ انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے اور چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین پرامن ترقی کی راہ پر ثابت قدمی سے قائم رہے گا اور پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کی بنیاد پر دوسرے ممالک کے ساتھ دوستی اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چین ہمیشہ سے عالمی امن کا معمار ، عالمی ترقی میں معاون اور بین الاقوامی نظام کا محافظ رہا ہے۔ چین اقوام متحدہ کے ساتھ عالمی نظام کو مضبوطی سے برقرار رکھے ہوئے ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر مبنی عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھتا ہے ، لیکن ساتھ ساتھ چین چند ممالک کی جانب سے عالمی برادری پر مسلط کردہ قوانین کی مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ چین اور آسٹریلیا کے موجودہ تعلقات میں مشکل صورتحال کی ذمہ داری صرف آسٹریلیا پر عائد ہوتی ہے۔