چینی ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ ای نے یکم ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے چین کے شہر تھیان جن میں چین۔امریکہ موسمیاتی تبدیلی مذاکرات میں شریک امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی امور جان کیری سے بات چیت کی۔ وانگ ای نے نشاندہی کی کہ حالیہ برسوں میں چین۔ امریکہ تعلقات میں تیزی سے بگاڑ آیا ہے اور سنگین مشکلات لاحق ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ امریکہ نے چین کےحوالے سے ایک بڑا اسٹریٹجک غلط فیصلہ کیا ہے ۔ امریکہ کو چاہیے کہ وہ چین کو خطرہ اور حریف سمجھنا چھوڑ دے اور دنیا بھر میں چین کو محدود کرنے اور دبانے کی کوششیں ترک کرے۔
وانگ ای نے کہا کہ دو بڑے ممالک کی حیثیت سے چین اور امریکہ کے لیے تعاون ہی واحد راستہ ہے۔ یہ عالمی برادری کی امید بھی ہے۔ چین اور امریکہ نے دو طرفہ شعبوں اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر موثر تعاون اور بات چیت کی ہے۔ جس سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے حقیقی مفادات لائے گئے ہیں۔ امریکہ کو ٹھوس اقدامات سے چین۔امریکہ تعلقات میں بہتری کے لیے کوشش کرنی چاہئیے۔ چین ۔امریکہ موسمیاتی تبدیلی کے تعاون کو چین ۔امریکہ تعلقات کے مجموعی ماحول سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔امریکہ کو چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو دوبارہ معمول کے ٹریک پر واپس لانے کے لیے مثبت اقدامات کرنے چاہئیں۔