چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے چوبیس تاریخ کو امریکی خفیہ اداروں کے ذریعے وائرس سراغ کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ خفیہ اداروں کے ذریعے وائرس سراغ کا اقدام بذات خود سائنس کی نفی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وبا پھوٹنے کے بعد امریکہ نے اس وبا کے خلاف جنگ کو سیاسی رنگ دیا ، جس سے امریکہ دنیا میں متاثرہ کیسز اور ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے بڑا ملک بن چکا ہے ، اور امریکی عوام نے بھی بھاری قیمت ادا کی ہے۔اس وقت امریکہ نے محض اپنے ذاتی سیاسی مقاصد کے لیے خفیہ ایجنسیوں کو نام نہاد وائرس تحقیقات کے لیے استعمال کیا ہے جس سے بین الاقوامی تعاون کمزور ہوا ہے۔ عالمی برادری نے اس پر سوالات اٹھائے ہیں اور اس کی مخالفت کی ہے ۔ ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی عوام سمیت دنیا کے دیگر عوام کی زندگی اور صحت کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی جوڑ توڑ بند کرے اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے سائنسی انداز میں وائرس سراغ کے راستے پر واپس آئے ۔