چین کے نینگ شیاہ ہوئی خود اختیار علاقے کے صدرمقام این چھوان میں منعقدہ چین-عرب ایکسپو میں وزارت تجارت کے عالمی تجارتی و اقتصادی تعاون انسٹی ٹیوٹ نے “چین اور عرب ممالک کی اقتصادی اور تجارتی تعاون کی ترقیاتی رپورٹ 2021” جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق، چین اور عرب ممالک ہمہ جہت اور اعلیٰ معیار کے تعاون کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ جولائی دو ہزار اکیس تک چین نے انیس عرب ممالک اور عرب لیگ کے ساتھ “بیلٹ اینڈ روڈ ” تعاون کی دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔ چین اور عرب ممالک کے درمیان توانائی، بجلی ، مواصلات اور صنعتی پارکس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق، چین اور عرب ممالک نے باہمی حمایت کو آگے بڑھایا ہے اور فریقین کے درمیان مستحکم معیشت اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کےلیے مضبوط بنیاد قائم کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسداد وبا اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے چین کے قیمتی تجربات انتہائی کارآمد ہیں۔ آئندہ عرصے میں چین اور عرب ممالک کے درمیان صحت اور تخفیف غربت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جاسکے گا۔