چینی صدر شی جن پھنگ نے ایک بار میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ “میرا گھرانہ بےحد خوش اور مطمئن گھرانہ ہے جہاں شوہر اور بیوی دونوں کے اپنے اپنے کام اور مصروفیات ہیں لیکن دونوں نے مل کر ایک خوبصورت خاندان بنایا ہے ۔” شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ کی رفاقت کو ۳۰برس سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔
شی جن پھنگ اور پھنگ لی یوان کی پہلی ملاقات۱۹۸۶ میں ہوئی تھی ۔ اسی ملاقات میں دونوں نے زندگی ساتھ گزارنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کی شادی ستمبر ۱۹۸۷میں چین کے شہر شیا مین میں رجسٹرڈ ہوئی۔ شی جن پنگ کے ایک ساتھی وانگ جن شوئی جو شیا مین میں کام کرتے تھے وہ اس بارے میں کہتے ہیں کہ مجھے یاد ہے ، انہوں نے اپنی شادی کی کوئی بڑی تقریب نہیں رکھی تھی ،اس وقت ، وہ شیا مین میں ایک ہاسٹل میں رہتے تھے۔ شادی کے دن ، ہم نے شی جن پھنگ کی دعوت پر ان دونوں کے ساتھ ایک ریستوران میں سادہ سا کھانا کھایا اور پھر چائے پینے کے لیے شی جن پھنگ کے ہاسٹل آگئے ۔ان کی کوئی تیاری نہیں تھی ، چائے کے کپ بھی ہم سب کے لیے ناکافی تھے ۔ پھنگ لی یوان نے قریبی دکان سے ۵ یوآن میں ایک بڑا کینڈی بیگ خریدا تاکہ ہم سب اس خوشی کے موقعے پر کچھ میٹھا کھائیں ۔”
شادی کے بعد ، شی جن پھنگ اور پھنگ لی یوان اپنی اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث زیادہ وقت اکٹھے نہیں رہے، لیکن انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کو سمجھا اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کی ، دور رہتے ہوئے بھی وہ ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی پوری کوشش کرتے تھے ۔
پھنگ لی یوان کا کہنا ہے کہ شی جن پھنگ ایک “مثالی شوہر” اور “بہترین باپ” ہیں ، اور وہ ہمیشہ ، بےحد محبت اور توجہ سے ان کا خیال رکھتی ہیں۔
۱۴ اگست ۲۰۰۴ کو ،شی جن پھنگ نے ایک مقامی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں اپنی گھریلو زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا “میں ہر روز اپنی اہلیہ کو فون کرتا ہوں۔” شی جن پھنگ نے کہا کہ آج کا معاشرہ تیزی سے بدل رہا ہے، لوگ کام کے لیے نیند اور کھانے پینے تک کو بھول جاتے ہیں ، لیکن آپ کوحقیقی محبت کے جذبات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ روزانہ کی مصروفیات میں ان خالص جذبات کو بھول نہ جائیں ، اور دن رات کی جدوجہد میں انہیں کبھی بھی نظر انداز نہ کریں۔