بارہ تاریخ کو امریکہ میں چینی سفیر چھین گان نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ملاقات کی۔ وینڈی شرمین نے چھین گان کو امریکہ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ چینی سفیر کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے سہولت اور مدد فراہم کرے گی۔چھین گان نے کہا کہ اس وقت چین۔ امریکہ تعلقات ایک نئے موڑ پر ہیں۔بطور چینی سفیر وہ رواں سال دونوں سربراہان مملکت کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت کے جذبے پر عمل پیرا رہیں گے ، امریکہ کے ساتھ بروقت رابطے اور بات چیت کو مضبوط کریں گے ، اور ایک معقول ، مستحکم ، متناسب اور تعمیری چین۔ امریکہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔
ملاقات کے بعد چھین گان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں فریقوں نے مفصل اور کھلی بات چیت کے دوران جامع خیالات کا تبادلہ کیا ہے۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ چین اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات نہایت اہم ہیں۔ بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا ، اختلافات اور تنازعات سے نمٹنا اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانا ضروری ہے۔چھین گان نے اس بات پر زور دیا کہ تائیوان کا مسئلہ چین ۔امریکہ تعلقات میں سب سے اہم اور حساس مسئلہ ہے ۔انہوں نےواضح طور پر شرمین کو چین کے موقف سے آگاہ کیا ہے۔