چودہ تاریخ کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ ای نے دوشنبے میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر چین کو شدید دکھ ہے۔امید ہے کہ پاکستان واقعہ کی وجہ کی فوری شناخت کرے ،زخمیوں کے علاج کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے اور اسی طرح کے واقعات کو دوبارہ پیش آنے سے روکنے کے لئے بروقت اقدامات اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ دہشت گرد حملہ ہے تو ، مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہئے اور ان کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان واقعات سے سبق سیکھنا چاہئے ، اور چین پاکستان تعاون منصوبوں کے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنانا چاہئے تاکہ تمام منصوبے محفوظ انداز میں بروقت مکمل ہو سکیں۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے اہلکاروں کے قیمتی جانی نقصان پر چین سے مخلصانہ تعزیت کا اظہار کیا۔ قریشی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اور ابھی تک کسی دہشت گردانہ حملے کا پس منظر نہیں ملا ہے۔ چین پاکستان کا سب سے اہم دوست اور قابل اعتماد ساتھی ہے اور چین کا نقصان پاکستان کا نقصان ہے۔ پاکستان زخمیوں کے علاج کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا ، واقعے کی حقیقت کی مکمل چھان بین کرے گا ، تحقیقات کی پیشرفت جلد سے جلد چین کے ساتھ شیئر کرے گا اور پاکستان میں چینی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پوری کوشش کرے گا۔