گیارہ جولائی کوچین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور شمالی کوریا کے وزیر برائے امور خارجہ لی سن کوون نے ” چین اور شمالی کوریا کے درمیان دوستانہ تعاون اور باہمی امداد کے معاہدے ” پر دستخط کی ساٹھویں سالگرہ پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ۔ وانگ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کی سیاسی اور قانونی بنیاد ہے اور چین -شمالی کوریا دوستانہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔ وانگ ای نے کہا کہ اسٹریٹیجک روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئےعلاقائی اور عالمی امور میں مضبوطی سے ایک دوسرے کا ساتھ دینے سے چین اور شمالی کوریا کی غیر متزلزل دوستی کا اظہار ہوتا ہے ۔ نئی صورتحال کے تناظر میں فریقین چین -شمالی کوریا تعلقات کےمسلسل فروغ کے لیے بھر پور کوشش کرتے رہیں گے ۔ شمالی کوریا کے وزیرخارجہ لی سن کوون نے اپنے پیغام میں کہا کہ مذکورہ معاہدہ طے پانے کے بعد سے،گزشتہ ساٹھ برسوں میں چین اور شمالی کوریا نے ایک دوسرے کی حمایت اور تعاون کرتے ہوئے دونوں ممالک میں سوشلزم کی تعمیر کو فروغ دے دیا ہے اور عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اہم خدمات سرانجام دی ہیں ۔