نو جولائی کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 ویں اجلاس نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں انسانی حقوق کے امور سے وابستہ خصوصی نمائندے سے تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر کے لیے چینی وفد کے منسٹر جیانگ ڈوان نے خطاب کرتے ہوئےاس بات پر زور دیا کہ چین ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے جائز قومی مفادات کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے حالیہ عرصے میں فلسطین۔ اسرائیل تنازعہ کے دوران جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ جیانگ ڈوان نے کہا کہ چین عام شہریوں کے خلاف تمام پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کے قانونی مفادات کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ادھر عالمی برادری کو فریقین کے درمیان فائر بندی کو مضبوط بنانا چاہیے اور فلسطین بالخصوص غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو معمول پر واپس لانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشرق وسطی میں جامع، منصفانہ اور پائیدار قیام امن کے لیے مثبت خدمات سرانجام دینا چاہتا ہے۔