چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے قیام کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر پیر کی شام بیجنگ میں ایک شاندار ثقافتی تقریب منعقد ہوئی ۔ چین کے صدر شی جن پھنگ ،وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ اور پارٹی و ریاستی رہنماؤں سمیت اور تقریباً بیس ہزار ناظرین نیشنل اسٹیڈیم میں “عظیم سفر” کے عنوان سے پیش کی جانے والی شاندار پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے ۔تقریب کے آغاز میں پیش کئے جانے والے ایک پرجوش ملی نغمےکے ساتھ کی جانے والی آتش بازی نے اسٹیڈیم کے آسمان کو منور کر دیا، آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے دوران 100 کے عدد کی دلکش شبیہ تشکیل دی گئی۔یہ پورا ثقافتی پروگرام چار حصوں پر مشتمل تھا۔ پروگرام میں جامع و جدید ٹیکنالوجیز اور مختلف ثقافتی پرفارمنسز کی مدد سے گزشتہ سو سالوں کے دوران سی پی سی کی رہنمائی میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی منظر کشی کی گئی۔ جن میں عوامی انقلاب، عوای جمہوریہ چین کے قیام اور بعد ازاں متعارف کروائی جانے والی اصلاحات جیسے موضوعات زیادہ نمایاں تھے۔اس کے علاوہ اس حقیقت کو بھی شاندار انداز میں پیش کیا گیا کہ عوامی جمہوریہ چین، 18 ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے بعد سے شی جن پھنگ کی قیادت اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی مضبوط رہنمائی میں ، چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم ایک نئے دور میں داخل ہوچکا ہے ، اور چین مکمل طور پر ایک جامع جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کے نئے سفر پر گامزن ہو گیا ہے ۔اس تقریب میں اہم غیر ملکی دوستوں ، سفیروں اور بیجنگ میں مقیم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سمیت غیر ملکی ماہرین نے بھی شرکت کی ۔