سترہ جون کی صبح نو بجکر بائیس منٹ پر ،چین کا شینزو نمبر 12 انسان بردار خلائی جہاز تین خلابازوں کے ساتھ جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا ۔ اس کے بعد ، خلائی جہاز طے شدہ مدار میں داخل ہو کر تین خلابازوں کو کامیابی کے ساتھ خلا میں لے گیا ،یہ کامیاب لانچنگ چینی خلائی اسٹیشن کی تعمیر میں ایک اور بڑا قدم ہے۔
شینزو نمبر 12 انسان بردار خلائی جہاز چین کی طرف سے اب تک تیار ہونے والے اعلی ترین معیار والا انسان بردار خلائی جہاز ہے۔یہ مداری ماڈیول ، واپسی کے ماڈیول اور پرپولیشن ماڈیول پر مشتمل ہے۔ جہاز میں 14 ذیلی نظام موجود ہیں ۔موجودہ خلائی مشن، خلائی اسٹیشن کی کلیدی ٹیکنالوجی کے تصدیقی مرحلے میں چوتھا مشن ہے اور خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے مرحلے میں پہلا انسان بردار مشن بھی ہے۔ تینوں خلاباز تین ماہ تک خلائی اسٹیشن میں مقیم رہیں گے اور اس دوران اسٹیشن کے باہر تنصیبات کی مرمت ، پرزہ جات کی تبدیلی ، اور سائنسی ایپلی کیشن لوڈنگ جیسے متعدد آپریشنز انجام دیں گے۔