حالیہ دنوں چین کے نائب وزیر اعظم اور چین-امریکہ جامع اقتصادی مکالمے کے چینی قائد لیو حہ نے بالترتیب امریکی تجارتی نمائندہ کیتھرین تائی اور وزیر خزانہ جینیٹ ییلن کے ساتھ ویڈیو لنک کےذریعے الگ الگ بات چیت کی۔چین کی وزارت تجارت کے ترجمان گاؤ فنگ نے تین تاریخ کو بیجنگ میں رسمی پریس کانفرنس میں کہا کہ چین امریکہ اقتصادی و تجارتی شعبے میں معمول کے روابط بحال ہوگئے ہیں جن میں ٹھوس مسائل کا مشترکہ حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے گی ۔گاؤ فنگ نے کہا کہ مذکورہ دو ورچوئل ملاقاتوں میں فریقین نے باہمی مساوات اور احترام کے رویے کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات،میکرو صورتحال اور اندرونی پالیسی سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے بات چیت کو پیشہ ورانہ،پرخلوص اور تعمیری قرار دیا۔فریقین سمجھتے ہیں کہ چین امریکہ کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات بہت اہم ہیں جن میں تعاون کے بہت زیادہ شعبے موجود ہیں۔ فریقین نے اپنی اپنی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔گاؤ فنگ نے کہا کہ چین امریکہ نے اگلے مرحلے میں بعض ٹھوس مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیاہے اور ا س عزم کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو صحت مندانہ اور مستحکم طور پر آگے بڑھایا جائےگا۔