چینی صدر شی جن پھنگ نے اکتیس مئی کو شام کے صدر بشارالاسد کو مبارک باد کا پیغام بھیجا جس میں انہیں ایک مرتبہ پھر شام کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں نشاندہی کی کہ چین اور شام کے درمیان روایتی دوستی ہے۔شام عوامی جمہوریہ چین سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والے،سب سے پہلے عرب ممالک میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ شام کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور صدر بشارالاسد کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی پینسٹھویں سالگرہ کے موقع پر باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔چین خودمختاری،آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں شام کی بھرپور حمایت کرے گا، کووڈ-۱۹ کے خلاف،اقتصادی ترقی اور عوامی زندگی کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق مدد فراہم کرے گا تاکہ چین -شام تعاون کو نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکے ۔