تیس مئی کو چین کے قومی کمیشن برائے صحت کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق فی الوقت چین کی نوے فیصد سے زائد کاؤنٹیز میں ٹیلی میڈیسن کی سہولیات میسر ہیں۔عوام کو مزید طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی مراکزِ صحت اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو بھی بلند کیا جا رہا ہے۔
تیرہویں پانچ سالہ منصوبے پرعمل کے دوران پورے چین میں بہتر معیاری ہسپتالوں نے ٹیلی میڈیسن اور ٹیلی تربیت سمیت دیگر طریقوں سے، کاؤنٹیز کے اسپتالوں کے لیے نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ پچاس ہزار سے زیادہ منصوبوں کا آغاز کرنے میں مدد فراہم کی۔حالیہ برسوں میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی معاونت سے ٹیلی میڈیسن کے مزید بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔
میڈیکل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر شیے فنگ نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کی مدد سے بڑے بڑے اسپتالوں کے طبی وسائل کو دوردراز علاقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے اور مریض طویل سفر طے کیے بغیر، اپنے گھر میں ہی معیاری اسپتالوں کی بہتر طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔