چین۔ پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس نے مختصر دورانیے کی فلم “ہم ایک خاندان ہیں” سمیت دستاویزی فلم “پاکستان سے محبت کے جذبات” اورپاکستان میں چینی سفارتخانے کے اشتراک سے ایک گیت “تیری میری سدا دوستی” جاری کیے ہیں۔
اکیس تاریخ کو پاکستان میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام ایک استقبالیہ تقریب میں “تیری میری سدا دوستی” گیت باقاعدہ ریلیز کیا گیا۔اس گیت کی موسیقی پاکستان کے نامور موسیقار ساحر علی بگہ نے ترتیب دی ہے ۔ گلوکاروں میں ساحر علی بگہ کے ساتھ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کی چار خواتین صحافی شامل ہیں۔ گیت کی شاعری میں دونوں ممالک کے درمیان محبت ،خلوص ، اپنائیت ،قربانی اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ چلنے کےعزم کو شاندار طریقے سے بیان کیا گیا ہے۔گیت کی ویڈیو میں ایک جانب جہاں پاکستان میں مقبول ترین کھیل کرکٹ کو نمایاں کیا گیا ہے وہاں دوسری جانب جدید ترین ٹیکنالوجی بالخصوص اسپلٹ اسکرین ایڈیٹنگ تکنیک کے استعمال سے چین۔پاک دوستی کی بلندی ،عظمت اور وسعت کو دکھایا گیا ہے۔
فلم “ہم ایک خاندان ہیں” میں اردو سروس کی میزبانوں نے مختلف پاکستانی شخصیات کے ہمراہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔اس فلم میں چین اور پاکستان کے بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں سمیت تینوں نسلوں کے درمیان میٹھی کہانیوں اور تبادلوں کو اجاگر کیا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کی مضبوط دوستی اور عوام کے درمیان اپنائیت اور محبت کے احساسات کا اظہار ہوتا ہے۔ فلم کے اختتام پر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کا خصوصی پیغام بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں چین۔پاک دوستی کے نسل درنسل فروغ کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔
دستاویزی فلم”پاکستان سے محبت کے جذبات” میں درجنوں افراد نے چین پاک دوستی سے متعلق اپنے تجربات بیان کیے ہیں اور چینی عوام کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ دوستی اور محبت کے جذبات کا اظہارکیا گیا ہے۔اس دستاویزی فلم میں پاکستان میں چین کے سابق سفیر ، چین میں اردو ادب کے معروف شاعر اور پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں فعال چینی افراد اور ان کے اہل خانہ کی کہانیاں شامل ہیں ۔